دورہ انگلینڈ: پی سی بی کی جانب سے قومی کھلاڑیوں کو بریفنگ
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کھلاڑیوں کو دورہ انگلینڈ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے کھلاڑیوں کو بریف کیا جس میں ڈاکٹر سہیل سلیم اور مصباح الحق نے بھی شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق کھلاڑیوں کو پی سی بی اور ای سی بی کے درمیان ٹیلی کانفرنس کے تناظر میں بریف کیا گیا، پی سی بی کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
پی سی بی کے مطابق ریڈ اور وائٹ بال کے 25 کھلاڑیوں کو انگلینڈ لے کر جانے کا منصوبہ ہے، کھلاڑی جولائی کے پہلے ہفتے میں انگلینڈ روانہ ہوں گے، جو دورے کے اختتام تک وہاں موجود رہیں گے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی گائیڈلائنز کے مطابق جون کے اوائل میں لاہور میں ٹریننگ سیشنز کے انعقاد کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔
ڈاکٹر سہیل سلیم، مصباح الحق اور وقار یونس حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق کھلاڑیوں کیلئے ٹریننگ سیشنز ترتیب دیں گے۔ پی سی بی کھلاڑیوں کو انگلینڈ بورڈ کے ساتھ مزید بات چیت کے حوالے سے بھی آگاہ کرتا رہے گا۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ بظاہر آئندہ 3 ماہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو بائیو سیکیور انتظامات میں رہنا پڑے گا، کھلاڑیوں کے پاس دورے سے دستبرداری کی آپشن موجود ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حفاظتی اقدامات کے حوالے سے کھلاڑیوں کو مزید تفصیلات آئندہ چند ہفتوں میں فراہم کردی جائیں گی۔
ذاکر خان نے کہا کہ ان غیرمعمولی حالات میں کھلاڑیوں کی لاہور میں ٹریننگ کے حوالے سے ہر طرح کے انتظامات کرنے کیلئے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی فیملی کے ہمراہ انشورنس کو یقینی بنایا ہے۔
Comments are closed on this story.